عظمیٰ ویب ڈیسک
اونتی پورہ// منشیات فروشوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے، اونتی پورہ پولیس نے کنکریٹ رہائشی مکان کو ضبط کر لیا جس کی مارکیٹ مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے ہے۔ یہ جائیداد بدنام زمانہ منشیات فروش منظور احمد بٹ ولد عبدالاحد بٹ، ساکن لارکی پورہ، پدگام پورہ، اونتی پورہ کی ہے اور اسے نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ 1985 کے سیکشن 68-ایف کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران انسپکٹر خالد فیاض، ایس ایچ او پولیس سٹیشن اونتی پورہ، اور ایس ڈی پی او اونتی پورہ کی نگرانی میں معلوم ہوا کہ یہ جائیداد غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی تھی، جو مذکورہ منشیات فروش کی منشیات کی غیر قانونی سمگلنگ سے کمائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مذکورہ منشیات فروش پہلے ہی کیس ایف آئی آر نمبر 212/2020، سیکشن 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں ملوث پایا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس کاروائی نے اونتی پورہ پولیس کے منشیات کے مسئلے کے خلاف عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہا اور کہا کہ غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ سے حاصل کی گئی جائیدادوں کے خلاف ایسے اقدامات معاشرے کو منشیات کی لعنت سے بچانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔