سرینگر// جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (جے کے بی او ایس ای) کی جانب سے تجویز کردہ نصابی کتب کے بجائے دیگر کتب کی خریداری پر والدین کی شکایات کے بعد وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ نجی سکولوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے گی جو اس عمل میں ملوث پائے جائیں گے۔
وزیر نے کہا، “والدین کی شکایت پر فوری کاروائی کی جائے گی۔ اگر کسی سکول کو قصور وار پایا گیا تو اگلے ہی دن کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا”۔
انہوں نے مزید کہا، “ہم نے زونل اور ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو نجی سکولوں کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کریں گی”۔
ایک روز قبل وزیر تعلیم نے اداروں کے اندر نجی سکولوں کے ذریعے نصابی کتب کی فروخت پر کہا تھا کہ حکومت نے ضلعی اور زونل سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جا سکے اور قصور وار سکولوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔
ادھر ذرائع نے بتایا کہ حکومت ان نجی سکولوں کی منظوری کو فوری طور پر منسوخ کرنے پر غور کر رہی ہے، جو شکایت کے بعد قصور وار ثابت ہوں گے۔
ذرائع نے مزید کہا، “اگر کسی نجی سکول کو غیر تجویز کردہ نصابی کتب کی فروخت اور ان کے استعمال کے لیے والدین پر دباؤ ڈالتے ہوئے پایا گیا تو اس کا اعتراف اگلے دن ہی منسوخ کر دیا جائے گا”۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر عوام نے تعلیمی اداروں میں غیر ضروری نصابی کتب کی فروخت اور ان کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
غیر تجویز کردہ نصابی کتب کی خریداری، والدین پر دباؤ ڈالنے والے سکولوں کے خلاف فوری کاروائی ہو گی: وزیر تعلیم
