عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/معروف اسلامی اسکالر اور مبلغ، مولانا مبارک مبارکی، جو کہ بزمِ توحید کے صدر اور بازار مسجد کے خطیب تھے، جمعہ کے روز انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال سے وادی میں ایمان، اتحاد اور خدمت کا ایک عظیم باب بند ہو گیا۔
مولانا مبارکی کو ان کی حکمت، عاجزی، اور اسلامی تعلیمات سے گہری وابستگی کے لیے جانا جاتا تھا۔ ان کے خطبات اور مذہبی رہنمائی نے بے شمار لوگوں کے دلوں کو چھوا۔
خاندان کے ایک رکن نے بتایا کہ ان کی نمازِ جنازہ دو مرحلوں میں ادا کی جائے گی ،پہلی نماز دوپہر 2:30 بجے ان کی رہائش گاہ صنعتنگر میں اور دوسری سہ پہر 4 بجے بوہری کدل چوک نزد بازار مسجد میں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ بازار مسجد میں نمازِ جنازہ کی امامت میرواعظ ڈاکٹر عمر فاروق کرنے کا امکان ہے۔ادھر، میرواعظ ڈاکٹر عمر فاروق نے بھی مولانا کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ذاتی نقصان قرار دیا۔
انہوں نے کہاچند ہفتے قبل میں ان کی عیادت کے لیے گیا تھا۔ کمزوری کے باوجود انہوں نے مجھے پہچانا اور محبت و خلوص سے بات کی۔ ان کا انتقال کشمیر کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔
نامور عالم دین مولانا مبارک مبارکی انتقال کر گئے
