عشرت حسین بٹ
پونچھ//ضلع پونچھ کی جیل میں بدھ کے روز قیدیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کے دوران ایک قیدی زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کشمیر سے تعلق رکھنے والے کچھ زیرِ سماعت قیدیوں نے اپنے لیے علیحدہ بیرک کا مطالبہ کرتے ہوئے اکٹھے ہوکر احتجاج شروع کیا۔
حکام کے مطابق، جیل انتظامیہ نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ علیحدہ بیرک کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے اور انہیں اپنی بیرکوں میں واپس جانے کو کہا۔ اس دوران بد نظمی پیدا ہوئی جس پر سیکورٹی عملے نے صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کی۔اس دوران شوپیاں، جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والا زیرِ سماعت قیدی عادل حمید ڈا، جو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق ایک مقدمے کا سامنا کر رہا ہے، گرنے کے باعث زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق، زخمی قیدی کو فوری طور پر ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد جیل میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے اضافی پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
پونچھ ضلع جیل میں جھگڑے میں قیدی زخمی
