عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صدرِ جمہوریہ ہند نے ایک اہم اقدام کے تحت مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ ریزرویشن (ترمیمی) ریگولیشن 2025کا نفاذ کیا ہے، جس کے تحت لداخ میں 85 فیصد نوکریاں مخصوص کی گئی ہیں۔وزارتِ داخلہ نے جموں و کشمیر ریزرویشن ایکٹ 2004میں ترمیم کی ہے تاکہ اسے یونین ٹریٹری لداخ پر لاگو کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، نئی ترمیمات کے تحت لداخ میں اب مجموعی طور پر 85 فیصد نوکریاں مخصوص ہوں گی، جس میں اقتصادی طور پر کمزور طبقوں (EWS) کا کوٹہ شامل نہیں ہوگا۔یونین حکومت اور ’’لہہ ایپکس باڈی‘‘اور ’’کرگل ڈیموکریٹک الائنس‘‘کے درمیان ہوئے معاہدے کے مطابق80فیصد نوکریاں ’’شیڈولڈ ٹرائبز‘‘(ST) کے لیے مخصوص ہوں گی، 4فیصد کنٹرول لائن (ایل او سی) اور اصل کنٹرول لائن (اے ایل سی ) کے نزدیک رہنے والوں کے لیے،جبکہ 1 فیصد شیڈولڈ کاسٹس(ایس سی ) کے لیے مخصوص ہوں گی۔ریگولیشن میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر ریزرویشن ایکٹ کی دفعہ 5کا اطلاق EWS پر نہیں ہوگا، اور ان کے لیے خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا طریقہ کار علیحدہ طور پر متعین کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ دفعہ 5 کے مطابق، اگر کسی مخصوص زمرے میں موزوں امیدوار دستیاب نہ ہوں تو وہ آسامیاں اگلی بھرتی تک خالی رکھی جاتی ہیں، اور تین سال سے زائد عرصہ خالی رہنے کے بعد انہیں ’’ڈی ریزرو‘‘تصور کیا جاتا ہے۔صدرِ جمہوریہ نے ’’لداخ سول سروسز ڈی سنٹرلائزیشن اینڈ ریکروٹمنٹ ریگولیشنز 2025‘‘بھی جاری کئے ہیں، جس کے تحت یونین ٹریٹری لداخ میں ڈومیسائل کی تعریف اور نوکری کے لیے اہلیت طے کی گئی ہے۔
وزارتِ داخلہ کی نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ قواعد و ضوابط تمام’’گزیٹڈ اور نان گزیٹڈ‘‘پوسٹوں پر لاگو ہوں گے، جو کسی بھی سرکاری محکمے یا اس کے زیر انتظام کمپنیوں میں ہوں (سوائے کینٹونمنٹ بورڈ کے)۔
ڈومیسائل کے لیے اہلیت درج ذیل ہے:
وہ افراد جنہوں نے کم از کم 15سال لداخ میں قیام کیا ہو یا جنہوں نے کم از کم7 سال تعلیم حاصل کی ہو اور دسویں یا بارہویں جماعت کا امتحان لداخ سے دیا ہو۔مزید برآں، مرکزی حکومت، پبلک سیکٹر، خودمختار ادارے، مرکزی جامعات، یا مرکزی تحقیقاتی اداروںکے ایسے ملازمین جنہوں نے کم از کم 10 سال لداخ میں خدمات انجام دی ہوں، ان کے بچے بھی اہل قرار پائیں گے۔ڈومیسائل کے قوانین کے مطابق، کسی ڈومیسائل کے شریکِ حیات کو بھی ڈومیسائل تصور کیا جائے گا۔
وزارتِ داخلہ نے لداخ سول سروسز ڈی سنٹرلائزیشن اینڈ ریکروٹمنٹ – ڈومیسائل سرٹیفکیٹ (طریقہ کار) قواعد 2025بھی جاری کیے ہیں، جن میں ڈومیسائل کے لیے پانچ زمروںکو اہل قرار دیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے مطابق وہ افراد جن کے پاس لداخ ریذیڈنٹ سرٹیفکیٹ (LRC)ہے یا جو اس کے حقدار ہیں، اور ان کے بچے۔ ایسے افراد کے بچے جو روزگار یا کاروبار کی وجہ سے لداخ سے باہر رہائش پذیر ہیں۔ وہ افراد جنہوں نے 31 اکتوبر 2019سے کم از کم15 سال لداخ میں قیام کیا ہے، اور ان کے بچے بھی اہل ہوں گے۔ وہ طلباء جنہوں نے 31 اکتوبر 2019 کے بعد کم از کم7 سال تعلیم حاصل کی ہو اور دسویں یا بارہویں جماعت کا امتحان لداخ سے دیا ہو۔ مرکزی حکومت کے وہ ملازمین جنہوں نے لداخ میں 10 سال خدمات انجام دی ہوں، ان کے بچے بھی لداخ میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔
صدرِ جمہوریہ ہند کا لداخ میں روزگار کیلئے ریزرویشن اور ڈومیسائل کے قواعد و ضوابط کا اعلان ،85فیصد نوکریاں مخصوص
