عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو اپنا 75واں یومِ پیدائش منا رہے ہیں۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و حکومتی شخصیات نے نیک خواہشات پیش کی ہیں اور صحت اور طویل عمر کی دعا کی ہے۔صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے نریندر مودی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کو یومِ پیدائش کی دلی مبارک باد اور نیک خواہشات۔ آپ نے اپنی غیر معمولی قیادت اور محنت کے ذریعے قوم کو بڑے مقاصد حاصل کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔ دنیا بھی آپ کی رہنمائی پر اعتماد کرتی ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ آپ ہمیشہ صحت مند اور خوش رہیں اور اپنی قیادت سے ملک کو ترقی کی نئی لندیوں تک پہنچائیں۔‘‘
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی ’ایکس‘ پر پیغام دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی جی کو یومِ پیدائش کی مبارک باد۔ خدا انہیں اچھی صحت اور طویل عمر عطا کرے۔‘‘راہل گاندھی نے بھی وزیر اعظم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی جی کو یومِ پیدائش کی مبارک باد اور اچھی صحت کی دعا۔‘‘
ان اہم رہنماؤں کے علاوہ دیگر وزراء اور شخصیات نے بھی وزیر اعظم کو نیک تمنائیں پیش کیں۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’وزیر اعظم کو یومِ پیدائش کی مبارک باد۔ آپ کے قیادت میں ملک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کی سمت بڑھ رہا ہے۔ آپ کی خدمت اور محنت ہر بھارتی کے لیے تحریک ہے۔‘‘مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’وزیر اعظم کے قیادت میں ہندوستان عالمی سطح پر امیدوں کا مرکز بنا ہے۔ چاہے چاند کے جنوبی قطب تک پہنچنے کی بات ہو یا سمندر کی گہرائیوں کی کھوج، مودی جی نے وراثت اور سائنس دونوں کو وقار بخشا ہے۔‘‘
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی پیغام دیا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی جی کو ان کے 75ویں یومِ پیدائش پر دلی مبارک باد۔ اپنے وژنری قیادت اور انتھک محنت سے انہوں نے ہندوستان کو نئی توانائی دی ہے اور عالمی سطح پر اس کا وقار بڑھایا ہے۔‘‘وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کو مبارک باد پیش کرنے میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا، ’’مودی جی کا تبدیلی لانے والا قیادت اور خود کفیل و ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا عزم ہم سب کے لیے حوصلہ افزا ہے۔‘‘
صدر دروپدی مرمو، ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو 75ویں سالگرہ پر مبارک باد دی
