عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے بانہال میں جمعے کے روز لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پی ڈی ڈی محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے۔اس موقع پر مظاہرین نیشنل کانفرنس سرکار ہائے ہائے ، سحری اور افطاری کے وقت بجلی دو کے نعرے لگا رہے تھے ۔
اطلاعات کے مطابق بعد نماز جمعہ بانہال میں کانگریس لیڈ ر وقار رسول وانی کی سربراہی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جموں وکشمیر سرکار کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے۔نامہ نگار نے بتایا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز جمعہ کے بعد بانہال میں احتجاجی جلوس نکال جو مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے پر امن طورپر اختتام کو پہنچا ۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں سحری اور افطاری کے وقت بجلی فراہم کرنے کے الفاظ درج تھے۔اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین کا کہنا ہے کہ عمر عبداللہ کی سرکار ہر محاز پر ناکام ثابت ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بجلی کا کئی نام و نشان نہیں اور محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے لوگوں سے فیس وصولا جارہا ہے۔ ان کے مطابق عمر عبداللہ کی جانب سے لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے گئے تھے وہ سراب ثابت ہوئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک طرف بجلی کا کئی نام و نشان نہیں دوسری جانب سے محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے بجلی فیس میں ہر ماہ اضافہ کیا جارہا ہے جو سراسر نا انصافی ہے۔
کانگریس کے سابق چیف وقار رسول وانی نے اس موقع پر کہاکہ سحری اور افطاری کے وقت بجلی کا کئی نام و نشان ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکار لوگوں کے توقعات پر کھرا اترنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے جو دعوئے کئے جارہے ہیں وہ زمینی سطح پر میل نہیں کھا رہے ہیں۔
وقار رسول وانی کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن سے قبل سمارٹ میٹرس کو ہٹانے کا وعدہ کیا تھا لیکن عمر عبداللہ کہہ رہے کہ سو فیصد میٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا جو لوگوں کے منڈیٹ کے ساتھ بہت بڑا مذاق ہے۔
بانہال میں بجلی کی آنکھ مچولی کے خلاف احتجاجی جلوس برآمد
