عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// تیسری مرتبہ بطور وزیر اعظم حلف لینے کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنی نئی کابینہ میں وزارتیں تقسیم کردی ہیں تاہم کابینہ میں کئی پرانے ’چہروں‘ کی وزارتیں نہیں بدلی ہیں اور کچھ نئے لیڈروں کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرِ قیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے بڑی جیت حاصل کی ہے اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے بعد اتوار کی شام حلف لے لیا ہے۔
کابینہ کی تینوں بڑی وزارتیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کو ہی تفویض کی گئی ہیں، تاہم اتحادیوں کو بھی ناراض نہیں کیا گیا ہے۔
راج ناتھ سنگھ دوبارہ وزارت دفاع سنبھالیں گے۔ امت شاہ وزارت داخلہ کا کام دیکھیں گے۔قومی شاہراہوں کی وزارت نتن گڈکری ہی کو سونپی گئی ہے، جبکہ ایس جے شنکر وزارت خارجہ سنبھالیں گے۔
وزیر اعظم مودی نے ایک بار پھر نرملا سیتا رمن پر بطور وزیر خزانہ اعتماد ظاہر کیا ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے سلامتی میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ پانچ رکنی کمیٹی میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر شامل ہوں گے۔
ریلوے کی وزارت دوبارہ اشونی ویشنو ہی سنبھالیں گے۔ ہردیپ پوری کو پیٹرولیم وزیر بنایا گیا ہے۔ پیوش گوئل دوبارہ وزارتِ صنعت و تجارت سبھالیں گے، وہیں گری راج سنگھ کو ٹیکسٹائل کی وزارت ملی ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا کو وزارت صحت سونپی گئی ہے۔ پہلے یہ وزارت منسکھ منڈاویہ کے پاس تھی۔ منڈاویہ کو اب وزارت محنت و روزگار کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
جیوترادتیہ سندھیا کی وزارت بھی تبدیل کر دی گئی ہے۔ پہلے وہ ہوا بازی کا کام سنبھالتے تھے، اب ان کے پاس وزارت ٹیلی کام کی ذمہ داری ہوگی۔ شہری ہوا بازی کی وزارت ٹی ڈی پی کے رام موہن نائیڈو سنبھالیں گے۔
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو وزارت زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقی کی وزارت سونپی گئی ہے۔ منوہر لال شہری ترقی کی وزارت سنبھالیں گے۔ پرہلاد جوشی صارفین کے امور کے وزیر ہوں گے۔ سی آر پاٹل جل شکتی وزارت سنبھالیں گے۔ چراغ پاسوان کو فوڈ پروسیسنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
کرن رجیجو کوپارلیمانی امور کا وزیر بنایا گیا ہے۔ رونیت بٹو اقلیتی امور کی نگرانی کریں گے۔