عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر پولیس نے پیر کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں کے نام پر اکاﺅنٹ چلانے والے ایک شخص کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔
پولیس کے ایک بیان کے مطابق، “ایک دھوکہ باز ADGP جموں زون، آنند جین کی نقالی کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی تصویر کا استعمال کرتے ہوئے دیگر اسناد سمیت اور لوگوں سے پیسے بٹور رہا ہے”۔
پولیس کے ایک بیان کے مطابق، “مجرم نے دھوکہ دہی کی نیت سے پروفائلز بنائے ہیں۔ جس کے خلاف، قانون کے مطابق کارروائی شروع کی گئی ہے”۔
پولیس نے سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان جعلی پروفائلز کا جواب دینے سے گریز کریں۔
اُنہوں نے کہا،”کسی بھی مالی نقصان یا دیگر مسائل کی اطلاع متعلقہ اضلاع کے قریبی پولیس تھانہ یا سائبر سیل کو دی جانی چاہیے”۔
پولیس نے اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی ہیں۔
اس سے قبل 2 جنوری کو، پولیس نے اے ڈی جی پی کی نقالی کرنے والے ایک جعلی سوشل میڈیا اکاونٹ رپورٹ کیا تھا اور لوگوں سے اس کے ساتھ بات چیت نہ کرنے کی تاکید کی تھی۔