سرینگر// ضلع پولیس سرینگر نے سوشل میڈیا پر کچھ افراد کی جانب سے فرقہ وارانہ توہین آمیز مواد کی اشاعت کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا، “سرینگر پولیس نے کچھ افراد کی جانب سے فرقہ وارانہ توہین آمیز بیانات کا نوٹس لیا ہے، جنہیں اس وقت تھانے میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ قانون کے مطابق ان کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی”۔
پولیس کے مطابق، پچھلے چند ماہ کے دوران، کچھ عناصر نے بدنیتی پر مبنی ارادوں کے تحت سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی کوشش کی ہے، جس کا مقصد معاشرے میں تقسیم پیدا کرنا ہے۔
سرینگر پولیس نے سختی سے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی فرقے کے خلاف توہین آمیز مواد کی اشاعت یا فارورڈنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔
پولیس ترجمان نے کہا، “گزشتہ چند ماہ کے دوران یہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ افراد بدنیتی سے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ نفرت انگیزی میں ملوث ہیں۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام مجرموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اور جو بھی اس قسم کے مواد کو شیئر یا فارورڈ کرے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی”۔
سرینگر پولیس نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ توہین آمیز مواد کا نوٹس لیا
