عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر پولیس نے جمعرات کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر کے طالبعلم کی طرف سے مخصوص مذہب کے خلاف حساس مواد پوسٹ کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ کرن نگر سرینگر میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے، اور عام لوگوں سے افواہیں پھیلانے سے باز رہنے کی اپیل کی ہے۔
پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “پولیس نے جی ایم سی سرینگر کے ایک طالب علم کی طرف سے ایک مخصوص طبقہ کے مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد پوسٹ کرنے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ جی ایم سی سرینگر کی انتظامیہ کی طرف سے مواصلت کی وصولی پر آئی پی سی کی دفعہ 153، 153A، 295A، 505(2) کے تحت پولیس تھانہ کرن نگر میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 13/24 درج کیا ہے”۔
اُنہوں نے کہا، “عام لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ افواہوں/جھوٹی معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔ انہیں سماج دشمن عناصر کے جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے”۔
سرینگر پولیس نے مزید کہا کہ جو لوگ اشتعال انگیز کارروائی/ اکسانے میں ملوث پائے جائیں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔