محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع بانہال میں نجی کار سے 30 کلوگرام کوکین کی ضبطی کے بعد بانہال پولیس کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور پنچاب اور کشمیر میں پولیس کی ٹیمیں کوکین کی سمگلنگ کے دھندے میں ملوث افراد کو دھر دبوچنے کیلئے کاروائی کر رہی ہیں۔
پولیس ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اتوار کے روز بانہال میں جالندھر اور کپور تھلہ کے دو افراد کو تین سو کروڑ روپئے کی تیس کلو کوکین کے ساتھ گرفتاری کے بعد رام بن پولیس سرگرم ہوگئی ہے اور پنچاب اور کشمیر میں کئی مقامات پر مشتبہ افراد کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ رام بن پولیس کی ایک پولیس ٹیم کشمیر میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانہال پولیس نے پیر کی صبح 9 بجکر 15 منٹ پر ایک کاروائی کرتے ہوئے جالندھر کے علاقہ بلیاں سے ایک شخص کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ حراست میں لئے گئے شخص کی شناخت محمد صادق عرف کالا کے طور کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جالندھر سے حراست میں لیا گیا شخص کوکین کی اس بھاری کھیپ کا ایک درمیانہ دار کے طور کام کرتا تھا۔ انہوں نے کہا برامد کی گئی کوکین کی اس کھیپ میں ملوث مزید افراد کی تلاش جاری ہے اور پولیس کو امید ہے کہ وہ جلد ہی مرکزی ملزمان کے گریبان تک پہنچ جائے گی۔