عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس ہیڈ کوارٹر نے ایگزیکٹو کیڈر کے 49 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ان افسران کی ترقیوں پر غور کرنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیر، آر آر سوین کی صدارت میں ایک محکمانہ پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) بلائی گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ اہل افسران کے سروس ریکارڈ اور میرٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد جموں و کشمیر ایگزیکٹیو پولیس کے 49 اے ایس آئیز کو ایس آئی کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
ڈی جی پی، جموں و کشمیر نے ترقی پانے والے تمام افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ہے۔
ڈی جی پی، جموں و کشمیر نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ترقی پانے والے افسران میں ایک نئی مثبت توانائی آئے گی، اور وہ تنظیمی اہداف کے حصول کے لیے مزید جوش اور جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔
مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے ترقی پانے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے قابلِ فخر کاموں کو جاری رکھیں اور لوگوں کی خدمت کیلئے پیش پیش رہیں۔