عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ /جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ڈوڈہ میں ملی ٹینسی کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ایک وسیع آپریشن شروع کیا ہے، جس کا ہدف مبینہ ’اوور گراؤنڈ ورکرز‘، ہتھیار ڈالنے والے اور رہا شدہ ملی ٹینٹ، نیز سرحد پار موجود ہینڈلرز کے معاونین ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق، اس کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے تاکہ ان کے ممکنہ روابط، فنڈنگ کے ذرائع اور ملی ٹینٹ گروہوں سے جڑے مواصلاتی نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کئی افراد کے خلاف انسدادِ ملی ٹینسی اور انسدادِ غیر قانونی سرگرمیوں کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر مشتبہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جن پر ملی ٹینسی میں مدد فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سرچ آپریشنز مختلف مقامات پر جاری ہیں، جن میں ہلاک شدہ ملی ٹینٹوں کے گھروں کے علاوہ وہ علاقے بھی شامل ہیں جہاں ماضی میں انکاؤنٹرز ہوئے تھے۔ مقصد مقامی سطح پر سرگرم معاون نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنا اور ان کا مکمل خاتمہ ہے۔
پولیس نے انسانی اور تکنیکی نگرانی دونوں کو مزید مضبوط کیا ہے تاکہ ممکنہ ’سلپر سیلز‘ اور آن لائن شدت پسندوں پر نظر رکھی جا سکے جو نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ مرکزی نیم فوجی دستوں کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں بھی تیز کر دی گئی ہیں تاکہ ملی ٹینسی کے خلاف مربوط مہم کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ جو کوئی بھی ملی ٹینٹعناصر کو پناہ، لاجسٹک مدد یا مالی معاونت فراہم کرتا پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس کے مطابق، یہ جاری مہم علاقے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے اور عوام کو انتہا پسندانہ اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔
ڈوڈہ میں ملی ٹینٹ معاونین کے خلاف پولیس کا کریک ڈاون