بڈگام میں جعلی سونے کے بسکٹ کی تجارت کا پردہ فاش، 3 افراد گرفتار: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

بڈگام// پولیس نے بدھ کے روز وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں تین افراد کو گرفتار کرکے جعلی سونے کے بسکٹ کے غیر قانونی کاروبار کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ 28 نومبر کو، پولیس تھانہ خان صاحب کو قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی کہ علاقے میں کچھ لوگوں کا ایک گروپ جعلی سونے کے بسکٹوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، ایک مشتبہ گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK04F-5047 کو خان صاحب کے علاقے میں گوگجی پتھری کراسنگ کے قریب روکا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت فیاض احمد ڈار ولد عبدالاحد ڈار سکنہ مالوہ کنزر، فاروق احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار سکنہ اریجال خان صاحب اور شبیر احمد ڈار ولد جلال الدین ڈار سکنہ اریجال خان صاحب کے طور ہوئی ہے۔
گاڑی کی تلاشی کے دوران 239 سونے نما بسکٹ برآمد کیے گئے جن کے جعلی ہونے کا شبہ تھا۔ ملزمان اشیاءکی صداقت کی تصدیق نہ کر سکے اور انہیں موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 163/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت تھانہ خان صاحب میں درج کیا گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ یہ افراد مبینہ طور پر یہ جعلی سونے کے بسکٹ خریداروں کو مہنگے داموں فروخت کر رہے تھے اور انہیں دھوکہ دے رہے تھے۔