عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک قومی نیوز چینل کے زیر اہتمام دہلی میں منعقدہ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کا موقف صرف ایک سیاسی دعویٰ نہیں بلکہ تاریخی دستاویزات اور شواہد پر مبنی ایک مضبوط قانونی مؤقف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاک زیر قبضہ کشمیر پر ہمارامؤقف ہمیشہ واضح اور مضبوط رہا ہے، جو تاریخی تناظر اور قانونی بنیادوں پر قائم ہے۔
پاکستان میں جاری سیاسی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ پاکستان اپنے اندرونی معاملات سنبھالنے میں ناکام رہا ہے اور اُسے اپنی داخلی مشکلات پر توجہ دینی چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، بھارت، بلوچستان تحریک کی حمایت نہیں کر رہا۔ پاکستان کے بعض صوبے حکومت کے طرز حکمرانی سے ناخوش ہیں۔
پاکستان دہائیوں سے بلوچستان میں علیحدگی پسند بغاوت سے نبرد آزما ہے۔ افغانستان اور ایران سے متصل قدرتی وسائل سے مالا مال اس مغربی صوبے میں شدت پسند اکثر ریاستی افواج اور غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ علیحدگی پسندوں کا الزام ہے کہ پاکستانی ریاست ان کے وسائل کو استعمال کرتی ہے لیکن بلوچستان کے عوام کو ان کا حق نہیں دیتی۔
پاک زیر قبضہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے: امیت شاہ
