عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عباللہ نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں و کشمیر کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دنیا کے بلند ترین ریلوے پل چناب ریل پل کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہاکل جموں و کشمیر کے لیے ایک تاریخی دن ہے جب آخر کار، وادی کو ملک کے باقی حصوں سے ایک ریلوے لنک کے ذریعے جوڑا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 6 جون کو دریائے چناب پر بنائے گئے دنیا کے سب سے اونچے ریل پل ’’چناب ریل برج‘‘ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔
عمر عبداللہ نے جمعرات کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاوزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دنیا کے بلند ترین ریلوے پل چناب ریل پل کا دورہ کیا۔انہوں نے کہاکل جموں و کشمیر کے لیے ایک تاریخی دن ہے جب آخر کار، وادی کو ملک کے باقی حصوں سے ایک ریلوے لنک کے ذریعے جوڑا جائے گا جس کا افتتاح عزت مآب وزیر اعظم کے ہاتھوں کیا جائے گا۔
جموں و کشمیر میں واقع یہ چناب ریل پل دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل ہے۔ یہ پل پیرس کے مشہور ایفل ٹاور سے 35 میٹر بلند اور دہلی کے مشہور قطب مینار سے تقریباً 287 میٹر اونچا ہے۔
یہ پل دریائے چناب سے 359 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اس 272 کلومیٹر طویل ریلوے راستے میں یہ 1315 میٹر کا پل اودھم پور-سری نگر- بارہمولہ ریلوے لنک پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے۔
یہ پل 1486 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے یہ 266 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کو برداشت کر سکتا ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں کے پیش نظر غیر معمولی اور کثیر سطحی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔یہ وزیر اعظم کا آپریشن سندورکے بعد پہلا دورہ جموں و کشمیر ہے۔