عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو یہاں کے سرکاری میڈیکل کالج ہسپتال میں زیر علاج کچھ متاثرین سے ملاقات کے بعد کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ایک دور افتادہ گاؤں میں حالیہ بادل پھٹنے سے بہت فکر مند ہیں۔
زخمیوں کے علاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بادل پھٹنے سے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کا ان کا منصوبہ خراب موسم اور راستے میں سڑک پر تازہ مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے پورا نہیں ہو سکا۔
دہلی سے یہاں اترنے کے بعد وزیر دفاع وہاں زیر علاج 16 لوگوں سے ملنے کے لیے سیدھے ہسپتال گئے۔ انہیں ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریضوں کی حالت کے بارے میں بریفنگ دی۔
14 اگست کو مچیل ماتا مندر کے راستے میں آنے والے آخری موٹر ایبل گاؤں چسوتی میں بادل پھٹنے سے 65افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ تب سے لاپتہ ہونے والے بتیس افراد کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
راج بھون کے لیے ہسپتال سے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا’’وزیراعظم بہت فکر مند ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ (پتھرناکی) کی وجہ سے نہیں ہوسکا۔ اب ہم راج بھون جا رہے ہیں جہاں ہم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے (متاثرہ) لوگوں سے بات کریں گے‘‘۔
واقعے کے بعد اسپتال میں داخل ہونے والوں کی اچھی دیکھ بھال کرنے پر ڈاکٹروں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ زخمی افراد اطمینان بخش طور پر صحت یاب ہو رہے ہیں۔