عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں شرکت کے بعد آج صبح باقی کے پروگرام چھوڑ کر وطن واپس واپس آگئے ہیں۔
اسی دوران وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن بھی اپنا غیر ملکی دورہ نامکمل چھوڑ کر وطن واپس آرہی ہیں۔ وہ امریکہ اور پیرو کے دورے پر تھیں۔ سیتا رمن اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ رہنے کے لیے جلد سے جلد دستیاب فلائٹ سے ہندوستان واپس آ رہی ہیں۔ وہ سیکورٹی کابینہ کے رکن بھی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے پیدا ہوئی صورت حال کو دیکھتے ہوئے مودی نے کل رات سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کے فوراً بعد واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ولی عہد کی سرکاری ضیافت میں بھی شرکت نہیں کی اور ہندوستانی وقت کے مطابق تقریباً 1:45 بجے ٹیک آف کیا اور آج صبح 6:45 بجے نئی دہلی پہنچ گئے۔
ہنگامی صورت حال کے پیش نظر مودی نے آج دفاعی امور کی کابینہ کمیٹی کی میٹنگ بلائی ہے۔