عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان فون پر بات چیت کے لیے وزیر اعظم کی صدارت میں آل پارٹی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی نے پہلگام حملے اور اس کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور تجاویز کے لئے کارگل جنگ کے وقت کی طرح ایک ماہر کمیٹی تشکیل دینے اور اس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج جے رام رمیش نے بدھ کو پارٹی کی جانب سے اس مطالبہ کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کو تین ممالک کے دورے سے واپس آنے کے بعد فوری طور پر آل پارٹی میٹنگ کی صدارت کرنی چاہیے، تاکہ اپوزیشن لیڈروں کو اس بات سے آگاہ کیا جا سکے کہ انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں کیا کہا۔ کانگریس چاہتی ہے کہ حکومت اس معاملے پر ملک کو اعتماد میں لے۔
کانگریس نے ان خبروں کو بھی ’بڑا جھٹکا‘قرار دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیرٹرمپ کے ساتھ واشنگٹن میں آج دوپہر کے کھانے پر مدعو کئے گئے ہیں۔ کانگریس نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران امریکی صدر کو اس پر ہندوستان کی ناراضگی سے آگاہ کرنا چاہئے تھا۔
پارٹی نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران 10 مئی کو جنگ بندی کے بعد سے لے کر اب تک ٹرمپ نے 14 بار دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی میں ثالثی کی، انہوں نے تجارت کو ایک آلے کے طور پر استعمال کیا اور انہوں نے پاکستان اور ہندوستان کو ایک ساتھ رکھا لیکن وزیر اعظم اب تک خاموش ہیں۔
غور طلب ہے کہ مودنی نے جی7 سربراہی اجلاس کے سلسلے میں اپنے کینیڈا کے دورے کے دوران مسٹر ٹرمپ کے ساتھ فون پر آدھے گھنٹے سے بھی زیادہ بات چیت کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی، آپریشن سندور اور پاکستان کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ اس بات چیت میں مودی نے واضح الفاظ میں کہا کہ لڑائی کو روکنے کے لیے تجارتی معاہدے یا ثالثی کی کوئی بات نہیں ہوئی اور ہندوستان اسے بالکل بھی قبول نہیں کرتا ہے۔سکریٹری خارجہ وکرم مصری نے کناڈا سے روانہ ہونے سے پہلے ایک بیان میں کہا کہ مودی اور صدر ٹرمپ کے درمیان دو طرفہ ملاقات جی 7 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونی تھی لیکن ٹرمپ کو جلد امریکہ واپس جانا پڑا جس کی وجہ سے یہ ملاقات نہیں ہو سکی۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ کی درخواست پر دونوں رہنماؤں نے فون پر بات کی۔
مودی کو ٹرمپ کے ساتھ اپنی بات چیت پر کل جماعتی میٹنگ بلانی چاہئے: کانگریس
