عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کے روز قومی دارالحکومت میں مسلسل چار اجلاسوں کی صدارت کریں گے تاکہ پہلگام حملے کے تناظر میں سیکیورٹی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے، جس میں 26 افراد، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے، جاں بحق ہوئےـ
وزیر اعظم مودی کل صبح 11 بجے کابینہ کی سیکیورٹی کمیٹی (CCS) جو قومی سلامتی کے حوالے سے ملک کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز باڈی ہے کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یہ پہلگام حملے کے بعد اعلیٰ سطح پر ہونے والے دوسرے اجلاس ہوگا۔ اس اجلاس میں سیکیورٹی تیاریوں پر بات چیت متوقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے پہلگام حملے کے اگلے روز سی سی ایس اجلاس کی صدارت کی تھی اور پاکستان کے خلاف کئی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
سی سی ایس اجلاس میں حکومت نے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اٹاری کے مربوط چیک پوسٹ کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔ ایسے پاکستانی شہری جنہوں نے باقاعدہ اجازت ناموں کے تحت بھارت میں داخلہ لیا تھا، انہیں یکم مئی 2025 سے قبل وطن واپس جانے کی ہدایت دی گئی۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی شہری اب سارک ویزا استثنیٰ اسکیم (SVES) کے تحت بھارت کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ پہلے سے جاری کردہ سارک ویزے منسوخ تصور کیے جائیں گے۔ موجودہ وقت میں SVES ویزا پر بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دیگر فیصلوں میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں موجود دفاعی، عسکری، بحری، اور فضائی مشیروں کو “ناپسندیدہ شخصیتpersona non grataقرار دینا شامل ہے، اور انہیں ایک ہفتے کے اندر بھارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سی سی ایس اجلاس کے بعد، وزیر اعظم مودی کابینہ کی سیاسی امور کمیٹی (CCPA) کی صدارت بھی کریں گے۔ اس کمیٹی میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر برائے سڑک و ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، وزیر صحت جے پی نڈا، وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، اور دیگر سینئر وزراء شامل ہیں۔
اس کے بعد کابینہ کی اقتصادی امور کی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، اور آخر میں مکمل کابینہ اجلاس منعقد کیا جائے گا ـ
پہلگام حملہ: وزیر اعظم مودی کل چار اجلاسوں کی صدارت کریں گے، سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا
