عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کان کنی جی کشن ریڈی نے پیر کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی خصوصی توجہ جموں و کشمیر کو ملک کی ایک اہم ’منرل اسٹیٹ‘ کے طور پر اُبھارنے پر مرکوز ہے، تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور کان کنی کے شعبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو۔جموں پہنچنے پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لائم اسٹون (چونے پتھر) کے بلاکس کی ای۔آکشن کا عمل پہلی بار شروع ہورہا ہے، جو کہ علاقے کے لئے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں معدنیات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کے ذریعے مقامی نوجوانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔
جی کشن ریڈی نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ منرل سرگرمیوں میں اضافہ اس سمت میں ایک بڑا قدم ہے اور آج جو لائم اسٹون بلاکس کی نیلامی ہورہی ہے، وہ اسی وژن کا حصہ ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک میں 2014 کی سپریم کورٹ کے اہم فیصلے کے بعد کان کنی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی گئیں، جن کے تحت معدنی بلاکس کی الاٹمنٹ اب مکمل شفاف ای۔آکشن سسٹم کے ذریعے کی جاتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی 95 فیصد ریاستوں نے اس نظام کو اپنا کر کامیابی سے نافذ بھی کیا ہے۔
وزارت کے مطابق جموں و کشمیر میں لائم اسٹون کے سات اہم بلاکس کی نشاندہی کی گئی ہے، جو مجموعی طور پر 314 ہیکٹر رقبے پر مشتمل ہیں۔ یہ بلاکس ضلع اننت ناگ، راجوری اور پونچھ میں واقع ہیں اور انہیں جی تین اورجی فور ذمرے کے تحت ترقی کے قابل تصور کیا جاتا ہے۔ ان ذخائر کو سیمنٹ فیکٹریوں، تعمیراتی صنعت اور دیگر صنعتی ضروریات کے لئے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔کان کنی کے ماہرین کے مطابق ان علاقوں میں معدنیات کی شکل میں موجود دولت نہ صرف جموں و کشمیر کے صنعتی منظرنامے کو تبدیل کر سکتی ہے بلکہ دور دراز علاقوں میں ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مقامی آبادی کی معاشی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری لا سکتی ہے۔
ریڈی نے اس بات پر زور دیا کہ پہلی بار ہونے والی یہ ای۔آکشن آنے والے برسوں میں مزید بڑے معدنی بلاکس کے دوار کھولے گی، اور مرکز کی کوشش ہے کہ جموں و کشمیر میں معدنی سرگرمیوں کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے دروازے کھولنے کی بڑی گنجائش ہے۔ لائم اسٹون بلاکس کی نیلامی اسی سمت میں ایک اہم آغاز ہے۔
وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کو ’منرل اسٹیٹ‘ بنانا چاہتے ہیں: مرکزی وزیر جی کشن ریڈی