عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو جے ایم ایم رشوت کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو ایک “عظیم فیصلہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صاف ستھری سیاست کو یقینی بنائے گا اور نظام پر لوگوں کا اعتماد گہرا کرے گا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کو مقننہ میں تقریر کرنے یا ووٹ ڈالنے کیلئے رشوت لینے پر استغاثہ سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں سات ججوں کی آئینی بنچ نے متفقہ طور پر 1998 کے پانچ ججوں کی بنچ کے ذریعے جے ایم ایم کے رشوت ستانی کے معاملے میں سنائے گئے فیصلے کو مسترد کر دیا جس کے ذریعے ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کو تقریر کرنے یا ووٹ دینے کیلئے رشوت لینے پر استغاثہ سے استثنیٰ دیا گیا تھا۔
مودی نے ایکس پر کہا، “سواگتم! سپریم کورٹ کا ایک عظیم فیصلہ جو صاف ستھری سیاست کو یقینی بنائے گا اور جمہوریت پر لوگوں کا اعتماد گہرا کرے گا”۔