عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نےجموں و کشمیر کے پلوامہ میں 2019 کے پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے 40 سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: 2019 میں پلوامہ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر ہیروز کو خراج تحسین۔ آنے والی نسلیں ان کی قربانی اور ملک کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی کو کبھی نہیں بھولیں گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سی آر پی ایف اہلکاروں کی یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
ادھر وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت ملی ٹینٹوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے “زیرو ٹالرینس” پالیسی کے تحت مہم چلا رہی ہے۔
انہوں نے ایکس پرہندی میں لکھا:”ایک شکر گزار قوم کی طرف سے، میں 2019 میں اس دن پلوامہ میں بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کو دلی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا،ملی ٹینسی پوری انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے اور پوری دنیا اس کے خلاف متحد ہو چکی ہے۔ سرجیکل اسٹرائیک ہو یا ایئر اسٹرائیک، مودی حکومت ملی ٹینسی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے ‘زیرو ٹالرینس’ پالیسی کے ساتھ مہم چلا رہی ہے۔
دریں اثناء وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا: “2019 میں آج کے دن، بھارت نے پلوامہ میں ایک بزدلانہ حملے میں اپنے بہادر سی آر پی ایف اہلکاروں کو کھو دیا۔ قوم کے لیے ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ بھارت ان کے شجاعتی کارناموں کو سلام پیش کرتا ہے اور ملی ٹینسی کے خلاف اپنی جدوجہد میں پُرعزم ہے۔
یاد رہے کہ 14 فروری 2019 کو ایک خودکش حملہ آور نے جموں-سرینگر نیشنل ہائی وے پر سی آر پی ایف کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا، جس میں 40 اہلکار شہید اور 35 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
پلوامہ حملہ: ”نسلیں کبھی نہیں بھولیں گی“ وزیر اعظم مودی، امت شاہ اور راجناتھ سنگھ کا شہید فوجیوں کو خراج عقیدت
