عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ عمر عبداللہ سرکار میں خطہ پیر پنچال کبھی نظر انداز نہیں ہوگا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ نیشنل کانفرنس سرکار میں اس خطے کو سارے حقوق دئے جائیں گے۔موصوف نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
پیر پنچال کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاعمر عبداللہ سرکار میں خطہ پیر پنچال کبھی بھی نظر انداز نہیں ہوگا چاہئے وہ سیاحت کا شعبہ ہو یا بجلی، پانی یا سڑک کا معاملہ ہو کسی بھی شعبے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سرکار میں اس خطے کو سارے حقوق دئے جائیں گے۔
عوامی ایکشن کمیٹی اور اتحاد المسلمین پر پابندیوں پر وزیر اعلیٰ کے ایک بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھاپولیس ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے تو اس ضمن میں ہمیں کوئی سوال نہیں کیا جا سکتا ہے ہمیں سرکار کے متعلق سوال کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہاجہاں تک امن و قانون کا مسئلہ ہے تو جن کے ہاتھوں میں پولیس کا کنٹرول ہے، وہ جوابدہ ہیں کہ ان جماعتوں پر پابندی کیوں لگادی گئی اگر ہم کہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے حالات ٹھیک ہوگئے ہیں تو ہمیں ان چکروں میں نہیں پڑنا چاہئے۔
چودھری نے کہاہم صرف چار مہینوں میں ہی بکھرے ہوئے جموں وکشمیر کو نہیں بدل سکتے ہیں۔انہوں نے کہاجو جموں وکشمیر ہمارے ہاتھ میں آیا وہ ڈگمگایا ہوا جموں وکشمیر تھا اب اس کو ٹھیک کرنا ہے۔
سرحد پر فائرنگ کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘غلط ہوا ہے، پاکستان کو سوچنا پڑے گا، ہندوستان ترقی کر رہا ہے جب پاکستان ان چھوٹی حرکتوں میں رہے گا تو آگے بھی اس کی تباہی ہوگی۔
ہماری حکومت میں خطہ پیر پنچال کبھی نظر انداز نہیں ہوگا: نائب وزیر اعلیٰ
