عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف سنیل شرما نے کہا ہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں ملوث افراد کو حکومتِ ہند کسی صورت نہیں بخشے گی۔ اس حملے میں 26 شہری، جن میں اکثریت سیاحوں کی تھی، جاں بحق ہوئے تھے۔
بانڈی پورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرما نے کہایہ بھارت کی تاریخ کا پہلا ایسا واقعہ ہے جس میں سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سیاح کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ اب وہ خوفزدہ اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ 22 اپریل کا واقعہ انسانیت کی توہین تھی۔متاثرین کے قتل کے طریقے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، شوہر کو بیوی کے سامنے گولی مار دینا، باپ کو بیٹے کے سامنے قتل کرنا اس سے بدتر کوئی حرکت نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت میں حکومتِ ہند مجرموں کو ہر صورت سزا دے گی۔ چاہے میں بانڈی پورہ کے ایک چھوٹے سے کونے سے یہ بات کہہ رہا ہوں، مگر میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوںمجرموں کو مارا جائے گا اور دفن کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے واضح کر دیا ہے کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے ذمہ داروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ جو بھی اس طرح کے واقعات کو جاری رکھنا چاہتے ہیں، ان کا انجام بھی وہی ہوگا۔ یہ ہمارا عہد ہے۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے شرما نے کہا کہ وہ ان کے بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ گزشتہ چند سالوں میں وہ چین، پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی زبان بولتے آئے ہیں۔ کبھی کہتے تھے کہ مودی کو آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے لیے دس جنم لینے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا،وہ سینئر لیڈر ہیں اور میں ان جیسا تجربہ نہیں رکھتا، مگر عوام کو چاہیے کہ ان کے بیانات کی تاریخ دیکھیں اور خود فیصلہ کریں کہ ایسے بیانات پر اعتماد کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
شرما نے فاروق عبداللہ کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کو سبق سکھانا چاہیے کا خیرمقدم کیا، لیکن ان پر زور دیا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم رہیں۔ اگر آپ نے واقعی پاکستان کے خلاف مؤقف اختیار کیا ہے، جو میں نے پہلے نہیں دیکھا، تو اس پر قائم رہیں اور شام کو کوئی دوسرا بیان نہ دیں۔
پہلگام حملے کے مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا: سنیل شرما
