عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کا ایک خصوصی اجلاس آج پارٹی ہیڈ کوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واضح کیا کہ لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے گئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی سے ہی عوام کو حقیقی معنوں میں راحت پہنچائی جاسکتی ہے اور ہمیں اس کے حصول کیلئے سخت محنت کرنی ہو گی۔
اطلاعات کے مطابق، نیشنل کانفرنس کا ایک خصوصی اجلاس سرینگر میں منعقد ہوا جس دوران جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس میں تنظیمی امورات اور پروگرواموں کے علاوہ موجودہ سیاسی صورتحال، لوگوں کو درپیش گوناگوں مسائل و مشکلات زیر بحث آئے اور شرکاء نے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کے مسائل و مشکلات اُجاگر کرنے کے علاوہ پارٹی سرگرمیوں اور زمینی صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں لوگوں کی اقتصادی بدحالی خصوصاً عوام کو درپیش سنگین نوعیت کے مسائل و مشکلات پر زبردست تشویش کا اظہار کیا گیا۔ طویل اجلاس میں سبھی شرکاء نے اپنی اپنی آراء پیش کی اور نائب صدر و وزیراعلیٰ نے نے سبھی کو بغور سُنا۔
عمر عبداللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نے پارٹی لیڈران اور عہدیداران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور اُن کے مسائل و مشکلات اُجاگر کرنے کے علاوہ ان کا سدباب کرانے میں اپنا رول نبھائیں اور ساتھ ہی نیشنل کانفرنس کے نیا کشمیر منشور اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے تن دہی سے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے قول و فعل میں کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی ہے اور ہم اپنے ایجنڈا پر قائم و دائم ہے۔ سرداری عوام کا حق ہے اور عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہے، اسی اصول کی بنیاد پر لوگوں نے ہمیں کامیابی عطا کی اور ہمیں ہر حال میں لوگوں کی توقعات پر کھرا اُترنے کی حد درجہ کوشش کرنی ہوگی۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے منشو رمیں کئے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کرکے عوام کو راحت پہچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی سے ہی عوام کو حقیقی معنوں میں راحت پہچائی جاسکتی ہے اور ہمیں اس کے حصول کیلئے سخت محنت کرنی ہوگی۔