یو این آئی
جموں// بی جے پی کے سینئر لیڈر رویندر رینہ نے اتوار کے روز کہاکہ پڑوسی ملک جموں وکشمیر میں حالات کو درہم برہم کرنے پر تلا ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ امن و امان کے قیام کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف لیڈر نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ کشتواڑ کے کیشون علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم جاری ہے ۔
بی جے پی لیڈر نے کہاکہ چند روز قبل دو وی ڈی جی ممبران کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ کشتواڑ کے کیشون علاقے میں پھنس کر رہ گیا ہے ۔
ان کے مطابق خط پیر پنچال ، چناب میں پھر سے حالات کو درہم برہم کرنے کی سازشیں رچائی جارہی ہیں اور اس سازش کا ماسٹر مائنڈ پاکستان میں بیٹھے دہشت گرد ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گرد جموں وکشمیر کے عام شہریوں کو بھی نہیں بخش رہے ہیں۔
بتادیں کہ کشتواڑ کے کیشوں علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں فوج کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔