عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر رہنما سرتاج مدنی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاستی درجہ دینا اور دفعہ 370 و 35اے کی بحالی پارٹی کا بنیادی اور غیر متزلزل مطالبہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ڈی پی کی جدوجہد کا مرکز و محور وہی ہے جو پانچ اگست 2019 سے پہلے جموں و کشمیر کا سیاسی و آئینی موقف تھا۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران سرتاج مدنی نے کہا کہ جموں و کشمیر کی شناخت، خودمختاری اور وہ حقوق جو غیر جمہوری انداز میں ہم سے چھینے گئے، انہیں واپس حاصل کرنا ہی ہماری جدوجہد ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 5 اگست 2019 کو مرکز کی طرف سے دفعہ 370 کو ختم کرکے ریاست جموں و کشمیر کی تاریخی حیثیت کو مسخ کیا گیا، جو کہ نہ صرف آئینی اقدار کے خلاف تھا بلکہ عوام کے اعتماد کے ساتھ غداری بھی تھی۔
پی ڈی پی رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کا موقف ابتدا سے واضح رہا ہے اور وہ جموں و کشمیر کے عوام کے جمہوری، آئینی اور تہذیبی حقوق کی بحالی کے لیے پرامن اور مسلسل سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’ریاست کی وحدت اور پہچان کو ختم کرکے یونین ٹیریٹری میں تبدیل کرنا جموں و کشمیر کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، اور ہماری کوشش ہوگی کہ یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔‘
مدنی نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطے کو مضبوط کریں اور پارٹی کے نظریے کو ہر گاؤں، ہر بستی اور ہر طبقے تک پہنچائیں تاکہ آئندہ کی سیاسی لڑائی کے لیے ایک متحد اور بااختیار سیاسی قوت تیار کی جا سکے۔
پی ڈی پی کا بنیادی مطالبہ: ریاستی درجہ، دفعہ 370 اور 35اے کی بحالی : سرتاج مدنی
