عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور ایم ایل اے حضرت بل، سلمان علی ساگر نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پر ’’مسائل کو سیاسی بنانے‘‘کا الزام عائد کیا، اور کہا کہ وہ تعمیری اپوزیشن کے بجائے مسائل پر سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی آئندہ بجٹ سیشن میں عوام کے مسائل پر زور دے گا۔
انھوں نے یوٹی جموں و کشمیر کی منتخب حکومت، جس کی قیادت وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کر رہے ہیں، 3 مارچ کو بجٹ پیش کرے گی۔این سی عوام کے مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھائے گی۔ ہمارے منشور میں جو کچھ بھی بیان کیا گیا ہے، وہ اجاگر کیا جائے گا، اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔
سلمان ساگر نے پی ڈی پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی نے اقتدار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا۔ مرحوم مفتی محمد سعید تعمیری اپوزیشن کی بات کرتے تھے، مگر آج ان کی پارٹی صرف مسائل کو سیاسی بنا رہی ہے۔ پی ڈی پی اقتدار میں ہونے کے دوران ان مسائل پر خاموش رہی۔ اب وہ این سی کے 50 ایم ایل ایز کے بارے میں شور مچا رہے ہیں، لیکن میں انہیں یاد دلانا چاہوں گا کہ پی ڈی پی-بی جے پی اتحاد کے دوران ان کے پاس 56 ایم ایل ایز تھے۔ اُس وقت بی جے پی دہلی میں سب سے طاقتور پارٹی تھی، پھر بھی وہ عوام کی توقعات پر پورا نہیں اُترے۔
ساگر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے این سی کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور پارٹی اس مدت کے دوران تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پی ڈی پی مسائل پر سیاست کرنے کے بجائے تعمیری اپوزیشن میں مشغول ہو: سلمان علی ساگر
