عظمیٰ ویب ڈیسک
پٹن// شمالی کشمیر بارہمولہ ضلع کے شوچ پالپورہ علاقے میں بدھ کے روز محکمہ بجلی کے ایک لائن مین کی کرنٹ لگنے سے موت واقع ہو گئی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر پاور ڈولپمنٹ کارپوریشن (جے کے پی ڈی سی ایل) کے ایک لائن مین کو شوچ-پالپورہ بارہمولہ میں بجلی کے تار کی مرمت کے دوران بجلی کا کرنٹ لگا۔
اُنہوں نے بتایا کہ جائے وقوع پر موجود اُس کے ساتھیوں اور مقامی لوگوں نے اُسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
متوفی لائن مین کی شناخت غلام احمد وانی ولد حبیب اللہ وانی ساکن سیرو ڈنگر پورہ کے طور سے ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
قبل ازیں، منگل کی سہ پہر وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بھی محکمہ بجلی کا ایک لائن مین بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا تھا۔