عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع ہسپتال کشتواڑ میں ایک مریض کی موت کے بعد اس کے اہلِ خانہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ دیر رات گردوارہ چوک کے رہائشی تسلیم عارف کو دست کی شکایت ہوئی جسے علاج کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسکا ابتدائی علاج کیا اور مزید علاج کیلئے اسے فوری طور پر میڈیکل کالج جموں منتقل کرنے کیلئے کہا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ لواحقین نے ہسپتال انتظامیہ سے ایمبولینس فراہم کرنے کو کہا لیکن کئی گھنٹوں تک ایمبولینس فراہم نہ ہوسکی جس دوران مریض کی موت واقع ہو گئی۔ جسکے بعد لواحقین نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور ہسپتال کے ایمرجینسی یونٹ کے شیشے و دیگر سامان کو نقصان پہنچایا۔ جس کے بعد پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرلیا۔
مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ضلع ہسپتال کشتواڑ میں معمولی مرض کے مریضوں کو بھی جموں منتقل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے ہسپتال میں ایمبولینس کی عدم دستیابی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطح تحقیقات ہونی چاہئے کہ مریض کو بروقت ایمبولینس کیوں فراہم نہ ہوسکی۔