عظمی ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز زور دے کر کہا ہے کہ موجودہ پُرآشوب حالات میں عوام اور قیادت کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحد رہنے کی ضرورت ہے تاکہ آزمائش کے اس دور سے کامیابی کے ساتھ نکلا جا سکے۔
پارٹی ہیڈکوارٹر پر سینئر لیڈران اور عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک عوامی نمائندہ جماعت ہے، جس نے ہمیشہ لوگوں کے تعاون، اشتراک اور اللہ کے سہارے کے ساتھ جموں و کشمیر کے عوام کی خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا، ’ہماری جماعت نے ہمیشہ امن و امان کے قیام کو ترجیح دی ہے اور اس مقصد کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ کے مطابق پہلگام میں پیش آئے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد عوام بالخصوص سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے وقت میں ہمیں صبر، حوصلے اور باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘
ڈاکٹر فاروق نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا سب سے بڑا سرمایہ عوام کا اعتماد ہے، جسے قائم رکھنے کے لیے پارٹی کارکنوں کو ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہنا چاہیے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ عوام کے مسائل اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ تنظیمی ڈھانچے کو بھی مضبوط بنانے میں سرگرم کردار ادا کریں۔
موجودہ دور میں صبر و تحمل اور اتحاد کی ضرورت: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
