یو این آئی
سرینگر// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں وکشمیر یونٹ نے پیر کے روز ملک کی تین ریاستوں میں پارٹی کی جیت پر وادی کشمیر میں سری نگر سمیت کئی اضلاع میں جشن منایا۔
سری نگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر پارٹی کے لیڈر اور کارکن جمع ہوئے اور پارٹی کی جیت پر جشن منایا۔اس موقع پر بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تین ریاستوں میں ہماری جیت نے انڈیا الائنس کو متزلزل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تلنگانہ میں بھی اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کیا اور اچھی تعداد میں سیٹیں حاصل کیں۔ان کا کہنا تھا: ‘ان انتخابات میں لوگوں نے فیصلہ کر دیا کہ ملک میں اگر کوئی غریبوں، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کا خیال رکھنے والا ہے تو وہ شری نریندر مودی جی ہیں’۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے سب کا وکاس، سب کا ساتھ اور سب کا وشواس کی پالیسی کو ووٹ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے خاندانی سیاست کو ایک بار پھر رد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے یہ دکھایا کہ ملک کے اگلے وزیر اعظم بھی نریندر مودی ہی ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں الیکشن کے لئے تیار ہے اور اس کے تیاریاں بھی کر رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں صوبہ کے کئی علاقوں میں بھی بی جے پی کے کارکنوں نے سڑکوں پر آکر جشن منایا۔
بتادیں کہ بی جے پی نے ملک کی تین ریاستوں، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کا جھنڈا گاڑ دیا۔