عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ سری نگر اور پورے کشمیر کے لوگ دل و جان سے ترنگا ریلیوں میں حصہ لے رہے ہیں، یہ قابلِ فخر لمحہ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے یہ سمجھ لیا ہے کہ ترنگے کی عزت بھارت کی عزت ہے۔
ایل جی سنہا نے یاترا کا آغاز کرتے ہوئے کہا،”سرینگر اور کشمیر کے لوگوں نے سمجھ لیا ہے کہ ترنگے کی عزت بھارت اور ان شہداءکی عزت ہے جنہوں نے ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ آج یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے اور مجھے بہت خوشی ہے کہ پولیس اور سول انتظامیہ، کشمیر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں ترنگا ریلیوں میں دل و جان سے حصہ لیا”۔
انہوں نے ایس کے آئی سی سی کے احاطے سے بوٹینیکل گارڈن تک ترنگا یاترا کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
ایل جی سنہا نے کہا کہ اس طرح کی کوششوں میں لوگوں کی شرکت سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور جموں و کشمیر اور بھارت کو ترقی کے اعلیٰ معیار پر لے جائیں گے۔
انہوں نے میڈیا اہلکاروں کا جموں و کشمیر کو پرامن خطہ بنانے میں حکومت کی مدد کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہا، “آج پورا جموں و کشمیر ترنگا یاترا میں حصہ لے رہا ہے۔ ترنگا آسمان پر اڑ رہا ہے، سڑکیں جوش و خروش سے بھری ہوئی ہیں۔ پوری یوٹی میں مردوں، خواتین، نوجوانوں اور بزرگ شہریوں کی شرکت ملک کے لیے بھی ایک تحریک ہے”۔
اُنہوں نے کہا ، ” ایک ساتھ مل کر، جموں و کشمیر ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہے۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں- جموں و کشمیر کے مستقبل کو تشکیل دینے اور وکشت بھارت کے سفر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ سب جذبات میں متحد ہیں- ہمارا پیارا اور فاتح ترنگا دنیا میں بلند ہو”۔