عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اجے کمار سدوترا نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی پارٹی کا پارلیمانی بورڈ آنے والے دنوں میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا فیصلہ کرے گا اور امید ظاہر کی ہے کہ عمر عبداللہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں حصہ نہ لینے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے جمعہ کو جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں 18 ستمبر، 25 اور یکم اکتوبر کو اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا، ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا پارلیمانی بورڈ چیف منسٹر کے چہرے کا فیصلہ کرے گا۔ حال ہی میں منعقدہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں، تمام مقررین نے (پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ) عمر عبداللہ سے درخواست کی کہ وہ اسمبلی انتخابات (مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے سے پہلے) نہ لڑنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ عمر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے اور اسمبلی انتخابات لڑیں گے۔
پیر کو سرینگر میں پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے ایجنڈے کے بارے میں پوچھے جانے پر سدوترا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک جمہوری پارٹی ہے اور پارٹی ہائی کمان کوئی بھی اہم فیصلہ لینے سے پہلے تمام لیڈروں کی حمایت حاصل کرتی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے کے انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن 20 اگست کو جاری کیا جائے گا جب کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست مقرر کی گئی ہے جس کے بعد اگلے روز جانچ پڑتال اور 30 اگست کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی پہلی فہرست پہلے مرحلے کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن کے اجراء سے قبل جاری کی جائے گی… پارلیمانی بورڈ امیدواروں کا فیصلہ کرے گا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پارٹی کے صدر فاروق عبداللہ بھی انتخاب لڑیں گے اگر عمر کے انتخابی میدان میں کودنے پر رضامندی ظاہر ہوتی ہے تو انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ بھی اس کا فیصلہ کرے گا۔
اسمبلی انتخابات اور ممکنہ قبل از انتخابات اتحاد کے لیے پارٹی کے ہدف پر، انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے طور پر حکومت بنانے کے لیے تمام سیٹیں جیتنا چاہے گی لیکن نئی حکومت کا فیصلہ لوگوں کو کرنا ہے تاہم، ایک بات واضح ہے کہ لوگ ایک تبدیلی چاہتے ہیں جو اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کے ووٹوں کی شرح میں زبردست کمی آئی۔
سدھوترا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبل از انتخابات اتحاد کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی۔
قبل ازیں سدوترا نے آر ایس پورہ اور سچیت گڑھ کے کئی ممتاز سیاسی اور سماجی کارکنوں کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔