سری نگر//جموں و کشمیر کے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل نیرج کمار نے پیر کو کہا کہ انڈیا پوسٹ جلد ہی لوگوں کی سہولت کے لیے سری نگر جی پی او اور جموں اور لیہہ ایچ اوز میں پارسل پیکجنگ سروس شروع کرنے جا رہا ہے۔
سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیرج چکمار نے کہا کہ جیسا کہ دنیا ـ”ورلڈ پوسٹ ویکـ” منا رہی ہے، انڈیا پوسٹ جموں و کشمیر میں یہ ہفتہ منانے کے لیے مختلف خدمات اور اقدامات شروع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لیے جلد ہی سری نگر جی پی او اور جموں اور لیہہ کے ایچ اوز میں پارسل پیکجنگ سروس شروع کریں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا،”ہم موبائل پارسل بکنگ سروس بھی شروع کر رہے ہیں، جو کہ ایک نئی چیز ہے، جہاں پوسٹ ماسٹرز دکانوں، ورکشاپوں اور دیگر جگہوں پر جائیں گے تاکہ موقع پر پارسل بک کر سکیں۔ یہ ہماری کوششوں میں سے ایک ہے کہ دور دراز علاقوں میں بھی ڈاک کی خدمات کو لوگوں کے دروازے تک پہنچایا جائےـ”۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کوشش میں انہوں نے اتوار کو ڈل جھیل اور اس کے آس پاس رہنے والے لوگوں کے لیے شکارا پوسٹ سروس کا آغاز کیا تاکہ ڈاک خدمات کو لوگوں کے دروازے تک پہنچایا جا سکے۔
پارسل پیکیجنگ سروس جلد ہی شروع کی جائے گی:چیف پوسٹ ماسٹر
