عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں /جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب اتوار کی رات پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے متعدد ڈرونز کی سرگرمی کے بعد سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی شب تقریباً 9 بج کر 15 منٹ پر مینڈھر سیکٹر کے بالاکوٹ، لانگوٹے اور گرسائی نالہ علاقوں کے اوپر تقریباً آدھے درجن ڈرونز کی پرواز ریکارڈ کی گئی۔ ڈرونز کو سرحد پار سے لانچ کیا گیا اور وہ کافی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے تقریباً پانچ منٹ بعد واپس پاکستان کی جانب لوٹ گئے۔
اہلکاروں نے کہا کہ اگرچہ ابتدائی طور پر کسی طرح کی ائیر ڈراپنگ کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم خدشے کے پیش نظر پیر کی صبح ہوتے ہی تمام مقامات پر سخت ناکہ بندی اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کہیں ہتھیار یا منشیات گرائے نہ گئے ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے ہتھیار اور منشیات گرائے جانے کے واقعات میں اضافہ سکیورٹی ایجنسیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ اس پس منظر میں، پولیس نے پچھلے سال فروری میں اعلان کیا تھا کہ ڈرون کی موجودگی کی بروقت اطلاع دینے اور اس کے ذریعے گرائے گئے مواد کی برآمدگی میں مدد کرنے والے کو انعام میں تین لاکھ روپے دئے جائیں گے۔