عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے گذشتہ کئی روز سے مسلسل جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 او 3 مئی کی درمیانی شب بھی پاکستانی فوج نے کپوارہ، اوڑی اور اکھنور علاقوں میں ایل او سی کے مقابل سر حد پار بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے گولہ باری کی۔
انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے اس کا موثر انداز میں جواب دیا۔تاہم کسی بھی جانب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ لگاتار نویں بار ہے کہ جب پاکستانی فوج کی طرف سے جموں وکشمیر کے سرحدوں کو نشانہ بنا یا گیا جس سے سرحدی بستیوں میں ایک بار پھر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان 29 اپریل کو ہاٹ لائن پر بات چیت کے باوجود جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ 22 اپریل کو پہلگام میں بہیمانہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا تھا جس میں 25 سیاحوں اور ایک مقامی باشندے کی موت ہوئی تھی۔
ادھر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر جموں خطے میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع دیہات میں رہنے والے لوگ زیر زمین بینکروں کی صفائی، کھیتوں کی فصلیں کاٹنے اور کسی بھی ممکنہ صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کسی کو معلوم نہیں کہ اگلا لمحہ کیا لائے گا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ زیر زمین بینکروں کی صفائی کریں تاکہ خدا نخواستہ گولہ باری یا فائرنگ کی صورت میں ہم اپنی جانیں بچا سکیں۔واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مجموعی طور پر 3,323 کلومیٹر طویل سرحد قائم ہے، جس میں سے 221 کلومیٹر بین الاقوامی سرحد (آئی بی) اور 744 کلومیٹر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) جموں و کشمیر میں واقع ہے۔
جموں وکشمیر:پاکستانی فوج کی مسلسل نویں بار ایل او سی پر فائرنگ، مناسب جواب دیا گیا
