عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما پاکستان کی جانب سے مسلسل ملی ٹینٹوں کی دراندازی کی کوششوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسز ملی ٹینسی کے خاتمے کے لیے پوری طرح سرگرم ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ’’بدقسمتی کی بات ہے کہ کچھ ارکان اسمبلی اب بھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔ شرما نے کہاایک طرف پاکستان خود اپنی سرزمین پر ملی ٹینسی کی آگ میں جل رہا ہے اور دوسری طرف وہ مسلسل ملی ٹینٹوں کو بھارت میں دراندازی کے ذریعے بھیجنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز گزشتہ رات سے ہیرانگر کے سنیال گاؤں میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کرنے کے لیے وہاں تعینات ہیں۔انہوں نے کہا میرے خیال میں پاکستان نے اپنے لیے خود گڑھا کھود لیا ہے۔
شرما نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیکورٹی فورسز مکمل الرٹ پر ہیں اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہاجتنا زیادہ پاکستان یہاں ملی ٹینٹ بھیجنے کی کوشش کرے گا، اتنا ہی زیادہ ہماری سیکورٹی فورسز ان ملی ٹینٹوں کو دفن کرنے کے لیے سخت جواب دیں گی۔
سنیل شرما نے کچھ ارکان اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی وکالت کر رہی ہے، حالانکہ ملی ٹینٹوں کی دراندازی مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے کہایہ افسوسناک ہے کہ یہاں کچھ ارکان اسمبلی، خاص طور پر نیشنل کانفرنس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد، بار بار پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی تجویز دیتے ہیں۔ کبھی وہ بات چیت کی حمایت کرتے ہیں، اور کبھی کسی نہ کسی طریقے سے پاکستان کی بالواسطہ حمایت کرتے ہیں۔ ایسے عناصر پاکستان کی سرپرستی میں ہونے ملی ٹینسی کو فروغ دیتے ہیں، جس کی وجہ سے اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کٹھوعہ تصادم :پاکستان نے اپنے لیے خود گڑھا کھود لیا: سنیل شرما
