عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ پاکستان کی شناخت دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ملک کے طور پر دنیا بھر میں ہوچکی ہے اور آپریشن سندور کے دوران پاکستان میں مقیم دہشت گرد تنظیموں پر ہندوستان کی فوجی کارروائی کے خلاف اور دہشت گردوں کی حمایت میں ہندوستان پر اس کی جوابی کارروائی سے یہ بات پوری طرح عیاں ہے۔
امیت شاہ نے جمعہ کے روز یہاں رستم جی میموریل لیکچر اور بارڈر سکیورٹی فورس کی اعزازیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بار بار یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ وہ دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا لیکن آپریشن سندور کے بعد ہونے والی پیش رفت سے وہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن سندور میں ہندوستانی افواج نے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر اور پاکستان میں قائم دہشت گردی کے صرف نو ٹھکانوں کو تباہ کیا اور کسی فوجی اڈے اور شہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی جوابی کارروائی میں ہندوستانی فوجی اڈوں اور شہری تنصیبات پر حملے کی ناکام کوشش کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے اور دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے بعد ہونے والے واقعات سے پاکستان دہشت گردی کی آماجگاہ کے طور پر پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔
پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح پاکستانی فوج کے افسران نے دہشت گردوں کے جنازوں میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ہندوستانی افواج کو سراہا جانا چاہیے کہ جوابی کارروائی کے دوران انہوں نے صرف پاکستان کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور شہری علاقوں پر حملہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر سکیورٹی فورس کے جوانوں نے بھی اپنی بہادری کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا۔
پاکستان دہشت گردی کی حمایت کے حوالے سے پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے: امیت شاہ
