عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ہندوستان نے پاکستان کے حمایت یافتہ متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعہ ہندوستانی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کو مار گرائے جانے کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گمراہ کن اور بے بنیاد پروپیگنڈہ ہے اور کسی بھی ہندوستانی طیارہ کو نہیں مار گرایا گیا ہے۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت کے پریس انفارمیشن بیورو ( پی آئی بی ) نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ پاکستان کے حامی کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس یہ جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں کہ پاکستان نے جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ہندوستان کا رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔
پریس انفارمیشن بیورو نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہندوستان کا کوئی لڑاکا طیارہ نہیں مار گرایا ہے۔ پاکستان کے حمایت یافتہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی جانے والی ویڈیو سخوئی 30 لڑاکا طیارے کے حادثے کی ہے جو جون 2024 میں مہاراشٹر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔پریس انفارمیشن بیورو نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسے غیر تصدیق شدہ دعووں پر مشتمل پوسٹس شیئر کرتے وقت احتیاط برتیں۔
قابل ذکر ہے کہ پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے کشیدہ ماحول میں لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے پاکستان اور اس کے حمایت یافتہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر آئے روز ایسے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ ہندوستان نے پیر کو 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی لگا دی ہے جو اس طرح کے پروپیگنڈے میں ملوث تھے۔
پاکستانی فوج کا ہندوستانی لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے :حکومت ہند
