عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں صوبہ کے ضلع کٹھوعہ کے دور دراز علاقے کوگ-منڈلی گاؤں میں جاری ملی ٹینٹ مخالف آپریشن میں ایک پاکستانی ملی ٹینٹ ہلاک ہو گیا ہے، جس کی لاش بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ علاقے میں آپریشن اتوار کو دوسرے روز بھی جاری ہے تاہم تازہ فائرنگ کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ہفتہ کی شام ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے گاؤں میں کاروائی شروع کی، جس کے دوران ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دو افسر زخمی ہو گئے۔ زخمی افسران کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اعلیٰ پولیس افسران موقع پر موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کٹھوعہ سمیت دیگر اضلاع میں یکم اکتوبر کو تیسرے اور آخری مرحلے کے اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔