عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ ہندوستان کے اہم ویب سائٹس پر پاکستانی ہیکرس کے ذریعہ کئی بار ناکام سائبر حملے کیے جا چکے ہیں۔ تازہ سائبر حملہ ہندوستان کی ڈیفنس ویب سائٹس پر کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں، اور اس مرتبہ کچھ خفیہ جانکاریاں لیک ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ہندوستانی فوج کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق پاکستانی ہیکرس نے ہندوستان کی اہم دفاعی ویب سائٹس کو ہدف بنایا ہے اور دفاعی اہلکاروں کی خفیہ جانکاریاں لیک ہونے کا اندیشہ ہے۔ فوج کے مطابق ’پاکستان سائبر فورس‘ نامی ایک ’ایکس‘ ہینڈل نے ملٹری انجینئر سروسز (ایم ای ایس) اور منوہر پاریکر انسٹی ٹیوٹ آف ڈیفنس اسٹڈیز اینڈ اینالیسس (آئی ڈی ایس اے) کے ڈاٹا میں سیندھ ماری کی ہے۔ اس سائبر حملہ میں دفاعی اہلکاروں کے ’لاگ اِن‘ کریڈنشیلز سمیت کئی خفیہ جانکاریاں لیک ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دی گئی جانکاری میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گروپ نے ڈیفنس منسٹری کے ماتحت پبلک سیکٹر کی یونٹ ’آرمرڈ وہیکل کارپوریشن لمیٹڈ‘ کی آفیشیل ویب سائٹ کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ اس ویب سائٹ کو پاکستانی پرچم اور اے آئی کا استعمال کر کے بگاڑا گیا ہے۔ ہندوستانی فوج کا کہنا ہے کہ احتیاطاً ’آرمرڈ وہیکل کارپوریشن لمیٹڈ‘ کی ویب سائٹ کو فی الحال آف لائن کر دیا گیا ہے تاکہ ویب سائٹ کی پوری جانچ کی جا سکے اور یہ اندازہ کیا جا سکے کہ اس سائبر حملے سے کتنا نقصان ہوا ہے۔ ساتھ ہی یہ یقینی کیا جا سکے کہ ویب سائٹ کی سیکورٹی بنی رہے۔
ہندوستانی فوج کے مطابق سائبر سیکورٹی ماہر اور ایجنسیاں سائبر اسپیس پر سخت نظر رکھے ہوئی ہیں تاکہ پاکستان سے جڑے کسی بھی ممکنہ خطرے یا اسپانسرڈ سائبر حملے کی فوراً شناخت کی جا سکے اور اس سے نمٹا جا سکے۔ فوج نے کہا کہ یہ نگرانی مستقبل کے کسی بھی خطرے کو فوراً پہچاننے اور اسے روکنے کے مقصد سے کی جا رہی ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سائبر فورس ہینڈل، جسے اب روک دیا گیا ہے، اس نے آرمرڈ وہیکل کارپوریشن لمیٹڈ کے ایک ویب پیج کی تصویریں پوسٹ کی تھیں، جہاں ایک ہندوستانی ٹینک کی تصویر کو پاکستانی ٹینک سے بدل دیا گیا تھا۔ ہینڈل نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس منوہر پاریکر انسٹی ٹیوٹ آف ڈیفنس اسٹڈیز اینڈ اینالیسس کی ویب سائٹ پر 1600 صارفین کے 10 جی بی سے زیادہ ڈاٹا تک کی رسائی تھی۔
ہندوستان کی ڈیفنس ویب سائٹس پر پاکستانی ہیکرس کا حملہ، خفیہ جانکاریاں لیک ہونے کا اندیشہ
