لوک سبھا انتخابات میں پہاڑی طبقہ محبوبہ مفتی کی حمایت کرے گا: مشتاق بخاری

عشرت حسین بٹ

پونچھ// سرکردہ پہاڑی رہنما اور سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے اننت ناگ-راجوری لوک سبھا حلقہ سے پی ڈی پی صدر اور پارٹی امید وار محبوبہ مفتی کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر عظمیٰ کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں سرکردہ پہاڑی رہنما مشتاق بخاری نے کہا کہ وہ پہاڑی طبقہ سے جڑے تمام لوگوں کو یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اننت-ناگ راجوری پونچھ لوک سبھا حلقہ سے پی ڈی پی کی امید وار محبوبہ مفتی کی حمایت کریں اور اُنہیں ہی ووٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اس لوک سبھا حلقے پر کسی بھی امیدوار کو میدان میں نہیں اتارا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کسی کو بھی اس حلقہ سے انتخابات میں اتارا گیا ہوتا تو تمام پہاڑی لوگوں نے اُسی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنا تھا۔
انہوں نے کہا، ” چونکہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کے پہاڑی لوگوں کو ایس ٹی زےمرے میں لا کر دہائیوں پرانی مانگ پوری کی ہے، ہم نے بھاجپا کی ہی حمایت کرنی تھی تاہم اُن کا کوئی بھی امیدوار میدان میں نہیں ہے، جس کے مدِ نظر پہاڑی طبقہ محبوبہ مفتی کی حمایت کرے گا”۔
بخاری نے واضح کیا کہ محبوبہ مفتی اور پی ڈی پی نے کبھی بھی پہاڑیوں کی ایس ٹی زمرے کی مانگ کی مخالفت نہیں کی۔
قبل ازیں، پیر کو ایک ڈیجیٹل نیوز چینل کے ساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران بھی مشتاق بخاری نے پہاڑی ووٹروں سے محبوبہ مفتی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔ بخاری نے کہا تھا، ” چونکہ بھاجپا کا امیدوار میدان میں نہیں ہے، ہم پہاڑی لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پی ڈی پی امیدوار محبوبہ مفتی کی حمایت کریں اور اُنہیں ووٹ دیں”۔
بخاری نے مزید کہا تھا کہ محبوبہ مفتی یا اُن کی پارٹی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کبھی بھی پہاڑیوں کے کاز کی مخالفت نہیں ہے، لہٰذا فی الحال محبوبہ مفتی سے بہتر پہاڑیوں کیلئے کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے۔

Click here to Follow Kashmir Uzma on WhatsApp