عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/پہلگام میں وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کو پاکستان کی طرف سے محاذ آرائی کی پہلی مذموم کارروائی قرار دیتے ہوئے ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ ان کارروائیوں کا صرف متناسب جواب دے رہا ہے اور ہندوستانی افواج نے صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ہندوستان نے پہلگام حملے کی مشترکہ اور غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کی پاکستان کی تجویز کو پاکستان کی پرانی چال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحقیقات میں تعاون کے دعوے کھوکھلے ہیں اور ممبئی اور پٹھانکوٹ حملوں میں اس کا رویہ سب کو معلوم ہے۔ وہ دہشت گردوں کو بچانے اور تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے ہندوستان کی طرف سے فراہم کردہ ثبوتوں کا استعمال کرتا رہا ہے۔
پاک فوج کی کارروائیوں سے ہندوستان میں ہونے والے نقصان سے متعلق پاکستانی رہنماؤں کے بیانات اور دعووں کو مسترد کرتے ہوئے ہندوستان نے کہا کہ پاکستان گمراہ کن پروپیگنڈہ کر رہا ہے اور اپنی پیدائش سے ہی جھوٹ کے راستے پر چل رہا ہے۔
ہندوستان نے کہا کہ پاکستان پہلگام دہشت گردانہ حملے سے خود کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ہندوستان سمیت بین الاقوامی سطح پر اس کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں۔
سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے جمعرات کو یہاں آرمی کرنل صفیہ قریشی اور فضائیہ کے ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کے ساتھ آپریشن سندور پر خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی افواج کی جانب سے اب تک کی گئی کارروائی صرف پاکستان کی کارروائیوں کا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر عالمی رہنماؤں کے بیانات ہندوستان کے موقف کی تصدیق کرتے ہیں۔
انڈس واٹر ٹریٹی کو معطل کرنے کے ہندوستان کے فیصلے کو جواز بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ 1960 کی دہائی کا ہے اور موجودہ تناظر میں غیر متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ٹیکنالوجی اور آبادی میں ہونے والی تبدیلیوں اور پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے پیش نظر اس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے اور ہندوستان گزشتہ ڈیڑھ سال سے پاکستان کو اس معاہدے پر نئے سرے سے نظرثانی کی ضرورت کے بارے میں خط لکھ رہا ہے لیکن پاکستان اسے مسلسل ٹال رہا ہے۔
مسٹر مسری نے کہا کہ پاکستانی فوج شہری اہداف اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 59 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو فروغ دینے کے لیے مذہب کا استعمال کر رہا ہے اور ہندوستان میں گرودواروں کو بھی نشانہ بنا کر معصوم لوگوں کو مار رہا ہے۔
سیکرٹری خارجہ کے سامنے دونوں خواتین فوجی افسران نے گزشتہ رات پاکستان کی جانب سے ہندوستانی اڈوں پر حملے کی ناکام کوشش کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے صبح جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے کئی فضائی دفاعی نظام اور ریڈار مراکز کو نشانہ بنایا اور لاہور میں اس کے فضائی دفاعی نظام کو ناکارہ کردیا۔
پہلگام دہشت گردانہ حملہ پاکستان کی جانب سے تصادم کی پہلی کارروائی ہے، ہندوستان متناسب جواب دے رہا ہے :مسری
