پہلگام کے ایک ڈرائیور نے سونے کے زیوارات کا بیگ حیدر آباد کے سیاح کوواپس کر دیا

سری نگر// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک تویرا ڈرائیور نے ایک غیر مقامی سیاح کو سونے کے زیورات کا بیگ واپس لوٹا کر دیانتداری کی ایک تابناک مثال قائم کی ہے۔
ٹیکسی اسٹینڈ موررا پہلگام کے صدر عبدالرشید وانی نے بتایا کہ حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے ہمیں فون کیا کہ وہ دس لاکھ روپیے مالیت کے سونے کے زیوارات ایک تویرا میں بھول گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ سیاح کے فون کے مطابق ہم نے آکاش احمد وانی کو اپنی تویرا گاڑی میں یہ سونا دیکھنے کو کہا۔
ان کا کہنا تھا: ’جب آکاش احمد نے گاڑی میں سونا پایا تو ہم نے مذکورہ سیاح کو اس کے متعلق مطلع کیا‘۔
موصوف صدر نے کہا کہ حیدر آباد کا یہ سیاح سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچ گیا تھا۔
انہوں نے کہا: ’ہم نے سیاح کو کہا کہ ہم سونا لے کر سری نگر ہی پہنچائیں گے لیکن اس نے خود پہلگام آکر سونا حاصل کرنے کو کہا تاکہ وہ یہاں آکر ہمارا شکریہ بھی ادا کرے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اسٹینڈ کی طرف سے مذکورہ ڈرائیور کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس کو آج ہم ایک انعام سے بھی سرفراز کریں گے۔