عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پہلگام کے بیسرن ویلی میں سیاحوں پر ہوئے ملی ٹینٹ حملے کے سلسلے میں تحقیقاتی ایجنسیوں نے تین مطلوب ملی ٹینٹوں کے خاکے جاری کر دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملی ٹینٹ حملے میں براہ راست ملوث تھے اور ان کی تلاش کے لیے وادی بھر میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے جاری کردہ خاکے خفیہ معلومات، عینی شاہدین کے بیانات اور دستیاب ویڈیو فوٹیج کی مدد سے تیار کیے ہیں۔ خاکے مختلف تھانوں، چوراہوں اور اہم مقامات پر آویزاں کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام ان ملی ٹینٹوں کی شناخت میں مدد فراہم کر سکیں۔
حکام نے بتایا کہ ’’ہم نے تین مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ابتدائی خاکے جاری کیے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ اگر کسی نے ان افراد کو کہیں دیکھا ہو یا ان کے بارے میں کوئی بھی اطلاع ہو تو فوراً نزدیکی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرے۔ اطلاع دینے والے کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔‘‘ذرائع کے مطابق ان خاکوں کی تیاری میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور خفیہ ادارے بھی شامل رہے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق یہ حملہ آور ممکنہ طور پر سرحد پار سے آئے تھے اور حملے سے چند روز قبل بیسرن کے جنگلاتی علاقے میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ منگل کو پیش آئے اس سفاکانہ حملے میں 26 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جن میں اکثریت غیر ریاستی سیاحوں کی تھی۔ واقعے کے بعد وادی میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور عوامی نقل و حرکت پر بھی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔سکیورٹی فورسز نے بیسرن اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے، جبکہ ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
پہلگام حملہ: تین ملی ٹینٹوں کے خاکے جاری
