عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پہلگام میں ہونے والے بہیمانہ ملی ٹینٹ حملے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر حکام نے پی ایم بحالی پیکیج کے تحت کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو 27 اپریل تک گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بارہمولہ کے ضلعی تعلیمی افسر کی طرف سے جاری کیے گئے ابتدائی احکامات بعد ازاں وادی کے دیگر اضلاع کے حکام کی جانب سے بھی احکامات جاری کئے گئے ، جن میں پی ایم پیکیج ملازمین کو 27 اپریل تک گھر سے کام کرنے اور اپنی تعیناتی کی جگہوں پر حاضر نہ ہونے کو کہا گیا۔
پی ایم کا بحالی پیکیج سابق یو پی اے حکومت کی جانب سے ان کشمیری پنڈتوں کے لیے اعلان کیا گیا تھا، جو 1990 کی دہائی میں ملی ٹینٹوںکی دھمکیوں کے باعث اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے۔
پی ایم پیکیج سرکاری ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ، پہلگام میں 22 اپریل کو بائیسرن کے میدان میں ہونے والے حملے کے بعد کیا گیا، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 25 سیاح اور ایک مقامی باشندہ شامل تھا۔
ملی ٹینٹوں کی تلاش اور انہیں انجام تک پہنچانے کے لیے ایک وسیع آپریشن جاری ہے۔ یہ آپریشن ڈرونز، ہیلی کاپٹرز، الیکٹرانک نگرانی کے آلات اور کھوجیکتوں کی مدد سے کیا جا رہا ہے۔ہندوستان نے پاکستان کی طرف سے سرپرستی یافتہ اور ہدایت کردہ ملی ٹینسی کے ردعمل میں، 1960 میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا ہے۔اٹاری بارڈر کراسنگ پوائنٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں بھارت کے ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کو 30 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔
بھارت میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے تمام عسکری اتاشیوں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک سے نکل جانے کو کہا گیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز پہلگام حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ان کے پیاروں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ معصوموں کا بہایا گیا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اس کا بدلہ لیا جائے گا۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی ہے کہ پہلگام قتل عام کے مجرموں کو ہر حال میں انصاف کے کٹہرے تک لایا جائے اور ان کی تلاش میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔
پہلگام حملہ: کشمیر میں پی ایم پیکیج کے تحت تعینات ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت
