عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا اسلام آباد کو مزید اشتعال انگیزیوں سے باز رہنا چاہیے ،فاروق عبداللہ کا کہنا تھا ہم نے وزیراعظم کو مکمل حمایت دی ہے،اس کے بعد ہم سے سوال نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کو جو بھی اقدام ضروری لگے، وہ کریں۔
پاکستان کی بار بار جوہری طاقت ہونے کے دعووں پر جواب دیتے ہوئے فاروق عبداللہ نے یاد دلایا کہ بھارت کے پاس بھی ایٹمی طاقت موجود ہے۔انھوں نے کہا ہمارے پاس بھی نیوکلیئر پاور ہے، اور ہم ان سے پہلے ہی اس کے مالک تھے۔
فاروق عبداللہ نے کہابھارت نے کبھی پہلے حملہ نہیں کیا۔ سب کچھ وہاں (پاکستان) سے شروع ہوا، اور ہم نے صرف جواب دیا۔ آج بھی ہم اسے (ایٹمی ہتھیار) استعمال نہیں کریں گے جب تک کہ وہ نہ کریں۔ لیکن اگر انہوں نے استعمال کیا تو ہمارے پاس بھی ہے۔ اللہ کرے کہ ایسی نوبت کبھی نہ آئے۔
کانگریس پارٹی کی جانب سے وزیراعظم پر تنقید، اور اُنہیں ’’غائب‘‘قرار دینے والے پوسٹروں کے حوالے سے فاروق عبداللہ نے کہا’’کہاں غائب ہیں؟ مجھے معلوم ہے وہ دہلی میں ہیں۔جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ نے بھارت پر بار بار ہونے والے حملوں پر پاکستان کی شدید مذمت کی۔
فاروق عبداللہ نے کہا ممبئی حملہ ہوا، اور یہ ثابت ہوا کہ انہوں نے کیا۔ پٹھان کوٹ حملہ بھی انہوں نے کیا۔ اوڑی حملہ انہوں نے کیا۔ کرگل میں انہوں نے حملہ کیا، اُس وقت میں وزیراعلیٰ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملوث نہیں، لیکن جب ہم نے سخت اقدام کیا تو وہ امریکی صدر کے پاس مدد کے لیے بھاگے۔انہوں نے مزید کہااگر وہ دوستی چاہتے ہیں تو یہ سب بند ہونا چاہیے۔ لیکن اگر وہ دشمنی چاہتے ہیں، تو ہم بھی تیار ہیں، اور وہ بھی۔
پہلگام حملہ: وزیراعظم مودی کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے:ڈاکٹر فاروق عبداللہ
